چینی کمپنی نے ایسا ڈرون تیار کیا ہے جو آتشزدگی کی صورت میں گھنے جنگلات میں جا کر ایک بم گرا کر 50 مربع میٹر پر آگ کے شعلے بجھاسکتا ہے۔گزشتہ سال ایمیزون اور آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی ہول ناک آگ نے دنیا کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا۔ اسی تناظر میں چینی کمپنی نے آگ بجھانے والے بموں سے لیس ڈرون ہیلی کاپٹر تیار کیا ہے جو جنگل کی گہرائی میں جاکر بھڑکتے شعلوں کو سرد کرسکتا ہے۔یہ ڈرون ہیلی کاپٹر کسی انسان کے بغیر پرواز کرسکتا ہے۔ اس کے دائیں اور بائیں دو عدد بم نما سلنڈر لگے ہیں جن میں آگ بجھانے والا سیلنڈر نصب ہے۔ ڈرون ہیلی کاپٹر چائلنگ یو اے وی کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس ماڈل کو جے سی 260 کا نام دیا گیا ہے۔
ہیلی کاپٹر کے دائیں اور بائیں آگ بجھانے والے دو بم نصب ہیں جو ایک ساتھ یا الگ الگ گرائے جاسکتے ہیں۔ ایک کنستر کم از کم 50 مربع فٹ جنگل کی آگ بجھاسکتا ہے۔ہیلی کاپٹر ڈرون کو وزنی بم لے جانے کےلیے اس میں روٹر پنکھڑیاں لگائی گئی ہیں جن میں سے ہر ایک کا قطر ساڑھے تین فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ اس میں 34 ہارس پاور کا انجن نصب کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ 100 کلومیٹر کی رفتار سے فاصلہ طے کرسکتا ہے۔ ایک مرتبہ ایندھن بھرنے کے بعد ہیلی کاپٹر تین سے چار گھنٹے مسلسل پرواز کرسکتا ہے۔اس پر جدید ترین کیمرے نصب ہے جسے زمین پر موجود کوئی بھی ماہر ریموٹ کنٹرول سے اُڑا سکتا ہے اور صرف ایک بٹن دبا کر ہی یہ آتش دشمن بم گراسکتا ہے۔