• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضرورت مندوں کی مدد کرنیوالے عظیم کام انجام دے رہے ہیں،حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ضلع ملیر کے تحت شاہ لطیف ٹاؤن میں الخدمت راشن مرکز اور ہیلپ سینٹر کا دورہ کیا۔ غذائی اجناس اور پکے ہوئے کھانے کی پیکنگ اور علاقے میں جاری فیومیگیشن کا جائزہ لیا۔ امیر ضلع ملیر محمد اسلام نےامدادی سر گرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ تمام ناظمین علاقہ جات نے امدادی مہم کی رپورٹس بھی پیش کیں۔ حافظ نعیم نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں اورذمہ داران کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کی صورتحال میں بھی جو لوگ ضرورت مندوں کو مدد اور سہارا فراہم کر رہے ہیں وہ بڑا عظیم کام کر رہے ہیں۔موجودہ سنگین حالات میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران صرف رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت خلق ِ خدا کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ہماری ترجیح ہے کہ مزدورطبقے اور دہاڑی داروں کو پہلے کھانا اور غذائی اجناس فراہم کی جائیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف زبانی جمع خرچ اور اعلانات ہی نہ کریں بلکہ ضرورت مندوں کو فوری مدد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم اور غیر مسلم کی تمیز کیے بغیر لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور شہر بھر میں بڑے پیمانے پر اسپرے بھی کیا جا رہا ہے ۔
تازہ ترین