کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاکہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر تمام اختلافات کو بھلانا ہوگا وزیراعظم عمران خان مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کیلئے شہباز شریف، بلاول بھٹو اور اسفندر یار ولی کو فون کریں، لاک ڈاؤن کی صورتحال کے دوران معاشی و دیگر نقصانات کو کم کرنے کیلئے وزیر اعظم کو چاروں وزرائے اعلی کو ساتھ لیکر بیٹھنا چاہیے، پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کی جگہ ڈیڑھ لاکھ افراد پر مشتمل بلدیاتی فورس کو فعال بنا کر امدادی کام لیا جائے۔ یوسی چیئرمین کو اپنے علاقے کی مکمل معلومات ہوتی ہیں۔کورونا وائرس کے باعث ملک میں صورتحال سنگین ہورہی ہے اس وقت حکومت اور اپوزیشن کا معاملہ ختم کریں۔ قوم کی پریشانی مزید بڑھ جاتی ہے جب وزیر اعظم کچھ بیان دیتے ہیں، وزیر اعلی کچھ بولتے ہیں۔ میری اپیل ہے کہ تمام لوگ ایک ہو جائیں اورعوام کو امداد کی موثر فراہمی کے لئے وزیراعظم کو سیاسی وابستگی ختم کرنا ہوگی۔ اس موقع پر انیس قائمخانی،پی ایس پی کے دیگر مرکزی ذمہ داران،سیلانی ویلفیئر کے بشیر فاروقی اور مختلف شخصیات بھی موجود تھیں۔