• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب عوام کو راشن پیک کی فراہمی کیلئے ڈونرز کی تلاش شروع

پشاور(وقائع نگار ) کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوانے صوبہ بھر میں جاری امدادی سرگرمیوں کو منظم بنانے کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے یتیموں، بیواؤں،دہاڑی دار مستحق مزدوروں اور کرونا وائرس سے متاثرہ نادار مریضوں کے لئے خوراکی اجناس پر مشتمل راشن پیک کی فراہمی کے لئے ڈونرز کی تلاش سمیت ویلج کونسل کی سطح پرمستحقین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کی حکمت عملی طے کر لی اورالخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی تنظیموں کوہدایت کی گئی ہے کہ کرونا وباء کے دوران کئی مہینوں پر مبنی لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے تحت مستحق متاثرین کی امداد کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔اس امر کا فیصلہ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص کی صدارت میں منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں الخدمت کے سابق صوبائی صدرو سابق صوبائی وزیر صحت عنایت اللہ خان،سابق رکن خیبر پختونخوااسمبلی محمد علی،جماعت اسلامی کے صوبائی ترجمان میاں صہیب الدین کاکاخیل، الخدمت کے ریجنل منیجر قاضی وجاہت محمود،انجینئر ابوالقاسم اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر خالد وقاص نے کرونا وباء کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کی طبی اور فلاحی سرگرمیوں،ایمبولینس سروس،مختلف اضلاع میں قائم قرنطینہ سنٹرز اورمشکوک کیسوں کے نتیجے میں لاک ڈاون کئے گئے محلوں میں محصور نادار اور مستحق گھرانوں کو ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں خوراکی اجناس پر مشتمل فوڈ پیکجز کی فراہمی سمیت الخدمت کے طبی عملہ اور رضاکاروں کی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے سے متعلق تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن ریاستی اداروں کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے تحت کرونا وباء کے روک تھام کے لئے کوششیں کررہی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الخدمت کرونا ریلیف کے تحت متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لئے اپنی جدوجہد کو مربوط اور منظم بنائے گی اور اس مقصد کے لئے ویلج کونسل کی سطح پر مستحق متاثرین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائے گی تاکہ حقیقی مستحقین کو ریلیف فراہم کی جاسکے۔
تازہ ترین