• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، سندھ میں آج 51 نئے کیسز سامنے آئے ہیں


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے مصدقہ کیسز کل تک 881 تھے جبکہ آج 51 نئے کیسز آئے ہیں، اس حساب سے کیسز کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے کل تک ہم نے کل 8931 ٹیسٹ کئے تھے جبکہ کل سے آج تک 660 ٹیسٹ کئے ہیں، اس حساب سے 9589 ٹیسٹ ہوئے ہیں، سندھ میں کل تک 881 کیسز تھے، آج 51 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سکھر میں 124 زائرین کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے جبکہ کل کی تاریخ میں 130 کورونا کیس مریض ٹھیک ہوگئے ہیں اور کُل ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد 253 ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صحتیاب ہونے کی شرح 27.5 فیصد ہے جبکہ سندھ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج کورونا کی 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی تعداد 17 ہوگئی، اس وقت 662 مریض زیر علاج ہیں، 342 افراد گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں جبکہ 130 لوگ سرکاری اسپتالوں میں اور 190 افراد نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے غریب عوام کی مدد کرنے والے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ راشن کی تقسیم میں لوگوں سے فاصلہ رکھیں، راشن کی تقسیم سے اگر کورونا وائرس پھیلا تو یہ جرم سمجھا جائے گا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم لاک ڈائون کے بعد کام کرنے کے لیے ایس او پی بنا رہے ہیں اور ہر سیکٹر ہے لوگوں کو بننے والی ایس او پی کے تحت کم کرنا ہوگا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں اور فاصلہ رکھیں، اگر آپ کورونا کے مریض ہیں یا آپ میں کورونا کا شک ہے تو آپ کو سرکاری نمبر سے فون آئیں گے اور آپ سے التجہ ہے کہ آنے والی فون کالز کے سوالات کے صحیح جوابات دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اس دوران کہنا تھا کہ سرکار کی طرف سے اگر آپ کو ایک یا زائد مرتبہ کالز آئیں تو آپ بیزاری ظاہر نہ کریں اور مکمل تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اللہ پاک آپ سب کو اور ہم کو اس موذی وائرس سے محفوظ رکھے، آپ سب کی صحت ہماری ترجیح ہے۔

تازہ ترین