وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پورے ملک میں جمعرات سے اسپتالوں کو براہ راست 153 وینٹی لیٹرز پہنچانا شروع کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ طبی عملے کو حفاظتی کٹس براہ راست فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہر دن 3 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، اپریل کے آخر تک 25 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعرات سے احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 39 ہزار 500 حفاظتی کٹس صوبوں کو فراہم کی جاچکی ہیں، پنجاب کے 75، سندھ کے 42، اسلام آباد کے 7، خیبرپختونخوا کے 21، بلوچستان کے 4 اور آزاد کشمیر کے 4 اسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں۔
اسد عمرنے مزید کہا کہ پاکستان بھر میں وفاقی حکومت معاونت کے لیے کام شروع کررہی ہے، جن اسپتالوں میں 4 وینٹی لیٹرز ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر وینٹی لیٹرز فراہم کریں گے۔