• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان: احساس پروگرام میں بھگدڑ، خاتون جاں بحق ، 20 زخمی


جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں احساس پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران ایک خاتون کچل کر جاں بحق ہو گئی جبکہ 20 خواتین زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول اور سینٹرل جیل کے پاس مستحق خواتین میں رقم کی تقسیم کے لیے سینٹر بنایا گیا تھا۔

ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ سینٹرل جیل کے قریب بنایا گیا سینٹر بند کر دیا گیا اور تمام خواتین کو گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول کے سینٹر بھیج دیا گیا جہاں 4 ہزار سے زائد خواتین کا رش ہوگیا۔

ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ رش کے باعث بھگدڑ مچنے سے ایک 70 سالہ خاتون جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیئے: جنرل سلیمانی کے جنازے میں بھگدڑ، 35 افراد جاں بحق

اے سی سٹی عابدہ فرید کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور 2دن میں رپورٹ منظرِ عام پر لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مرنے والی خاتون کی عمر 70 سال تھی اور ایسا لگتا ہے کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئی ہے۔

تازہ ترین