اسلام آباد میں موبائل یوٹیلٹی اسٹور کا افتتاح وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کیا۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں 8 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں کیلئے موبائل یوٹیلٹی اسٹورز شروع کیے جائیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے کھانے پینے کی اشیاء مستحقین تک پہنچانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کم آمدن طبقے کے گھر تک سامان پہچانے کے لیے ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ پر بہت بوجھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کا مقصد غریبوں تک اشیاء ضروریہ پہنچانا ہے۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں موبائل اسٹورز سے اشیا فراہم کی جائیں گی، اس مقصد کے لیے 8 موبائل اسٹورز مختص کیے گئے ہیں۔
اسد عمر نے کہاکہ اس اقدام کا فیصلہ وزیرِ اعظم کے ریلیف پیکج برائے کورونا کے تحت کیا گیا ہے، اگلے 2 ہفتوں تک ان موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلایا جائے گا، آٹا، چینی، دالیں اور گھی سستے نرخوں پر گلی گلی فراہم کی جائیں گی، حکومت اشیا ضروریہ کی فراہمی متاثر ہونے نہیں دے گی، عوام کی سہولت کے لیے 50 ارب کا پیکج منظور کیا گیا۔
ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے اس موقع پر کہا کہ ملک بھر میں 4 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز ہیں جو کم ہیں، دور دراز علاقوں کیلئے موبائل یوٹیلٹی اسٹورز شروع کررہے ہیں۔ رمضان ریلیف پیکج کی تمام اشیا ان موبائل یوٹیلٹی اسٹورز میں رکھی جائیں گی۔
عمر لودھی نے مزید کہا کہ علاقے کی مساجد سےاعلان کروایا جائے گا کہ یوٹیلٹی اسٹور ز ان کےعلاقے میں آگیا ہے۔