ااسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ میں لارجر بینچ کی تشکیل کیلئے ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر بختونخوا کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمی نے قرار دیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا بینچ نمبر ایک ورکرز ویلفیئر بورڈ کی درخواست پر سماعت نہیں کر سکتا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ہم پشاور ہائیکورٹ کے بینچ نمبر ایک کو اس مقدمے کی سماعت سے روکنے کا حکم دیتے ہیں، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔جمعہ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمی کے دو رکنی بینچ نے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ورکرز ویلفیئرز بورڈ خیبر پختونخوا کے وکیل خواجہ اظہر رشید نے دلائل دیے کہ پشاور ہائیکورٹ کے بینچ نمبر ایک میں ہمارا مقدمہ زیر سماعت ہے، عدالت عالیہ سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے، ہم نے پشاور ہائیکورٹ مین لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی جسے مسترد کر دیا گیا، عدالت عظمی سے استدعا ہے میرٹ پر ہمارا فیصلہ کروا دے۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ یہ کیا بات کر رہے ہیں،کیا پشاور ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظر انداز کر رہی ہے جس پر کے پی کے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صرف چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا بینچ نظر انداز کر رہا ہے۔ عدالت عظمی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو مقدمے کی سماعت سے روکتے ہوئے درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے ۔عدالت نے رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ سمیت اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے ۔عدالت عظمی نے قرار دیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا بینچ نمبر ایک ورکرز ویلفیئر بورڈ کی درخواست پر سماعت نہیں کر سکتا۔