جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں گزشتہ روز احساس سینٹر میں رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون کی ہلاکت کے واقعے کے بعد احساس سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد کے مطابق ملتان میں عوام کی سہولت کے لیے احساس سینٹرز 19 سے بڑھا کر 27 کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان احساس سینٹرز پر کیش کاؤنٹرز کی تعداد 80 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی ہے۔
ادھر لاہور کی 5 تحصیلوں میں 30 مقامات پر احساس کفالت پروگرام کے کیمپس قائم کیے گئے ہیں ۔
ڈی سی لاہور دانش افضال کے مطابق مستحقین میں معاوضے کی تقسیم کا عمل آج سے شروع کیا جا رہا ہے، آج 59 ہزار افراد میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ہر فرد کو پوری رقم دینے کے عمل کو خود مانیٹر کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں احساس پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں ایک خاتون کچل کر جاں بحق ہو گئی جبکہ 20 خواتین زخمی ہو گئی تھیں۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول اور سینٹرل جیل کے پاس مستحق خواتین میں رقم کی تقسیم کے لیے سینٹر بنایا گیا تھا، سینٹرل جیل کے قریب بنایا گیا سینٹر بند کر دیا گیا اور تمام خواتین کو گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول کے سینٹر بھیج دیا گیا جہاں 4 ہزار سے زائد خواتین کا رش ہوگیا، رش کے باعث بھگدڑ مچنے سے ایک 70 سالہ خاتون جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیئے: احساس پروگرام، امداد کی تقسیم میں فراڈ کا انکشاف
واقعے کے حوالے سے اے سی سٹی عابدہ فرید کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور 2 دن میں رپورٹ منظرِ عام پر لائی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرنے والی خاتون کی عمر 70 سال تھی اور ایسا لگتا ہے کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئی ہے۔