• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ طریقے سے امدادی رقوم کی تقسیم خطرناک ہے، شہباز شریف

موجودہ طریقے سے امدادی رقوم کی تقسیم خطرناک ہے، شہباز شریف


لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی تقسیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ طریقے سے امدادی رقوم کی تقسیم خطرناک ہے، ٹائیگر فورس کا تماشا ختم ہونا چاہئے، بلدیاتی نظام بحال کیاجائے،رقوم تقسیم کے وقت ہجوم کا جمع ہونا کورونا کے پھیلائو کا ذریعہ بن سکتا ہے، افراتفری اور انتشار بتا رہا ہے کہ رقوم کی تقسیم کیلئے مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی، غریب لوگوں کاحق ان تک پہنچانے کیلئے کوئی مناسب اور محفوظ طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، ٹائیگر فورس کا سیاسی تماشا ختم ہونا چاہئے، بلدیاتی نظام بحال کیا جائے تاکہ عوام کی عملی مدد ہوسکے۔ قائد محمد نوازشریف کی ہدایت پر ڈاکٹرز، نرسز اور حفاظتی عملے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں حفاظتی کٹس تقسیم کی جاچکی ہیں،کورونا کی وباء اور بھوک کی بلا سے ہم قومی جذبے اور ایک ٹیم بن کر ہی نمٹ سکتے ہیں۔ ہفتہ کو شہباز شریف کی زیرصدارت فلاحی اور امدادی کاموں سے متعلق پارٹی کا ویڈیو لنک پہ اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمسلم لیگ ن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں امداد کیلئے آئی خاتون کے جاں بحق ہونے کی خبر بیحد افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور امدادی رقوم کی تقسیم کے لئے بہتر حکمت عملی اپنائے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ امتحان کے اس وقت میں اتحاد، نظم وضبط، حسن تدبیر اور احتیاط ہمارے ہتھیار ہیں۔ میں اس سے قبل مختلف شعبہ ہائے زندگی سے مشاورت کرچکا ہوں۔ زراعت اور کسانوں کے مسائل پر بھی مجلس مشاورت منعقد کی اورتجاویز مرتب کی ہیں۔ ہم نے درپیش حالات کے مقابلے کے لئے جامع تجاویز پیش کی ہیں جن پر عمل کرکے عوام کی مدد ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پارٹی کے تمام رہنمائوں، کارکنان اور ذمہ داران کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آپ سب اپنی اپنی سطح پر جس مثالی جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو شاباش دیتا ہوں کہ انہوں نے پہلا کورنٹیشن ہسپتال بنادیا ہے۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے تمام مشکلات کے باوجود بہت اچھا کام کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدور اور دیگر ذمہ داران نے بھی بڑی لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ دریں اثناء شہبازشریف نے ڈاکٹرز اور شہریوں کیلئے مزید حفاظتی کٹس پارٹی رہنمائوں کے حوالے کردیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے حفاظتی کٹس پہنچا دی ہیں۔ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس کی فراہمی فوج کو اسلحہ دینے والی بات ہے۔ ڈاکٹرز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کی کوشش کریں گے۔ اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعلی گلگت بلتستان، پارٹی کے صوبائی صدور، جنرل سیکرٹری صاحبان ، دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال، راشن اور عوام کو ریلیف کو پہنچانے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال اور حکمت عملی طے کی گئی۔

تازہ ترین