اس وقت جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے،جس سے عام شہریوں کے علاوہ کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی اور منتظمین بھی بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس صورت حال میں سب سے پہلے کراچی اسپورٹس فورم نے مشکلات سے دوچار کھلاڑیوں،کوچز، امپائرز اور اسپورٹس آرگنائزر کی داد رسی کا بیڑا اٹھایا اور ان کو راشن،فیس ماسک،سینیٹائزر اور دیگر اشیاء فراہم کی خدمت کے اس سفرمیں اب ملک کے نامور کھلاڑی بھی شامل ہوگئے ہیں پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق آلراؤنڈر شاہد خان آفریدی کے فلاحی ادارے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے کراچی اسپورٹس فورم کے ساتھ راشن بیگز کی تقسیم کے کام میں اپنے بھرپور تعاون کا آغاز کردیا۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد آفریدی اور صدر اسکوائش لیجنڈ جہانگیر خان نے فورم کے چیئرمین آصف عظیم کو یقین دلایا کہ خدمت خلق کے اس کارخیر میں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمارا پلیٹ فارم پاکستان میں اس عالمی وباء کے متاثرہ کھلاڑیوں اور گراؤنڈ اسٹاف کی مدد کیلئے کی گئی ہرکاوش میں اپنا کردار ادا کرے گا ماضی اور حال کے عظیم کھلاڑیوں اسکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے اپنا دستخط شدہ ریکٹ، اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے اپنی ہاکی اسٹک اور پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹ کو بھی کراچی اسپورٹس فورم کی مہم میں نیلامی کیلئے پیش کردیا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ کھلاڑی کی معاشی صورتحال سے اس کی اپنی ایسوسی ایشن سب سے زیادہ باخبر ہوتی ہے کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی کھلاڑی اپنے روزگار سے محروم ہوگئے ہیں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی سرپرستی کے بعدکراچی اسپورٹس فورم نے راشن بیگزکی تقسیم کے اپنے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشنوں کے عہدیداران سے رابطہ کر کے انہیں بھی مستحق افراد کیلئے مہم میں شامل کرلیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہوسکیں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد آفریدی کے علاوہ سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی جس انداز میں اس فلاحی کام میں تعاون کررہے ہیں۔
وہ قابل ستائش ہے بلاشبہ کراچی اسپورٹس فورم کے چیئر مین آصف عظیم اور ان کی ٹیم کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود جس طرح انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت دن رات اس نیک مقصد کی انجام دہی میں مصروف ہیں وہ ملکی سطح پر ایک مثال ہے اس فورم نے رمضان المبارک اورعید الفطر کے موقع پر بھی اس سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے حکومت سندھ کی جانب سے لاک ڈاؤن میں سختی کے باعث راشن بیگزکی تقسیم کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کے بعد کراچی اسپورٹس فورم نے کھلاڑیوں اورگراونڈاسٹاف کے گھروں میں راشن پہنچانے کیلیے ایڈونچراسکاوٹس گروپ کی خدمات حاصل کرلیں چئیر مین کراچی اسپورٹس فورم آصف عظیم نے نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکاوٹس کے ذریعے راشن بیگزکی تقسیم کاعمل آسان ہوگیا ہے ہم حکومتی قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں کورونا وائرس کے خطرے کے درمیان صحت کے ماہرین بھی لاک ڈاؤن کو ضروری سمجھتے ہیں ہم قانون کے خلاف نہیں جاسکتے ہیں اور نہ ہی شہر کی اسپورٹس کمیونٹی کے ضرورت مند افرادکو آزمائش کے وقت تنہا چھوڑ سکتے ہیں۔
موجودہ حالات میں اسکاؤٹس کی خدمات ہمارے لئے بہترین آپشن تھا ایڈونچر اسکاوٹس کو اس حوالے سے سامان کی تقسیم میں زیادہ تجربہ ہے جس کے باعث ہمارے لئے ضرورت مند کھلاڑیوں اور آفیشلز تک براہ راست رسائی اور راشن بیگ تقسیم کرنے کا عمل آسان ہو گیا ہے مالی مشکلات کاشکار کھلاڑیوں کی عزت نفس اور وقار کاخیال کرتے ہوئے انہیں سامنے نہ لاکر ان کے گھروں میں راشن بیگ کی ترسیل جیسا عمل یقیناکراچی اسپورٹس فورم کابہترین اقدام اور دوسروں کیلئے قابل تقلید عمل ہے۔