• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کورونا وائرس، کھلاڑی کھیل کے میدان آباد کرنے کیلئے پرعزم

اس موقع پر جب کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں خوف طاری ہے، کاروبار زندگی مفلوج ہوچکا ہے، ایک لاکھ کے قریب افراد ہلاک اور کئی لاکھ متاثر ہیں، کھیل کے میدان ویران پڑے ہوئے ہیں،کھیلوں کی سرگرمیاں منجمند ہیں ایسے میں دنیا بھر میں بعض کھیلوں کے کھلاری اب بھی کھیلوںکے میدان آباد کئے ہوئے ہیں اور وہ کھیل کی مدد سے کورونا کو شکست دینے کے خواہش مند دکھائی دے رہے ہیں،بیلاروس وہ ملک ہےجس نے کھیلوں میں اینٹی وائرس کانسیپٹ متعارف کروا دیا ہے، بیلاروس یورپ کا واحد ملک ہے جو بغیر وقفے کے کھیلوں کے مقابلے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

صدر الیگزینڈرلو کاشینکو نے شائقین کے پر ہجوم گروپ کے سامنے آئس ہاکی کھیلی، آئس ہاکی صدر الیگزینڈر کا سب سے بڑا مشغلہ ہے، آئس ہاکی بہترین اینٹی وائرس ہے۔دوسری جانب بیلاروس میں فٹبال میچ میں اکثر تماشائیوں نے وبائی مرض کے ڈر سے گراؤنڈ جانے کا بائیکاٹ کیا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے ماسک اور گلوز کے ساتھ اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی گئی ہ، اس میچ میں انرجیٹک نے حریف منسک کو دو صفر سے شکست دی، گراؤنڈ میں آنے والوں کو اسکیننگ کے بعد مقابلہ دیکھنے دیا گیا، اکثر نے ماسک بھی پہن رکھے تھے۔ادھر تاجکستان میں بھی فٹبال سیزن کا آغاز ہو گیا ہے، تاہم میچز شائقین کے بغیر کروائے جا رہے ہیں، اسی طرح ترکمانستان میں بھی اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے، میڈرڈ اوپن ٹینس کاورچوئل ٹورنامنٹ 27 سے 30 اپریل تک کھیلا جائے گا،کورونا وائرس کی وجہ سے اصلی مقابلہ ملتوی ہونے کے بعد سولہ مرد اور 16 خواتین اپنے گھروں کی راحت اور حفاظت سے چار روزہ آن لائن ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ 

کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں نے اس مشکل گھڑی میں جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل قدر اور باعث رشک ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کےنامور کھلاڑیوں نے بلا تفریق،رنگ ونسل نہ صرف مالی طور پر بلکہ اپنی کھیلوں کی نادر اشیاء بھی نیلامی کے لئے پیش کردی،امریکا میں کورونا وائرس سے تباہی مچی ہوئی ہے،ہزراوں افراد کی ہلاکت اور لاکھوں افراد متاثر ہیں، امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ملک میں کھیلوں کی بحالی کے لئے امریکی کھیلوں کے حکام کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی جس میں کھیلوں کی سر گرمیوں کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ جیسے بھی ہوسکے مجھ سمیت پوری قوم مقابلوں کو دوبارہ شروع کرنے کے منتظر ہیں،ٹرمپ نے بعد میں وائٹ ہاؤس میں ایک بریفنگ میں کہا کہ میں میدان میں واپس شائقین چاہتا ہوں۔شائقین بھی واپس آنا چاہتے ہیں۔ 

وہ باسکٹ بال، گالف، بیس بال اور فٹ بال اور آئس ہاکی دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنے کھیل اور کھلاڑیوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ گالف کورس پر جانا چاہتے ہیں اور اچھی ، صاف ، خوبصورت تازہ ہوا میںسانس لینے کے خواہش مندہیں۔ٹرمپ کا خیال ہے کہ 10 ستمبر کو شروع ہونے والا اقومی فٹبال سیزن نشستوں پر شائقین کے ساتھ وقت پر شروع ہوگا۔ مختلف لیگز کے منتظمین نے امریکی صدر کو بتایا کہ وہ اپنے مقابلوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں لیکن خبردار کیا کہ ان میں سے کسی بھی مقابلے کو صحت عامہ کے عہدیداروں کی منظوری کے بغیرشروع نہیں کیا جاسکتا، ٹرمپ نے یہاں تک کہا کہ معاشرتی دوری ان کے 14 سالہ بیٹے بیرن کو بھی متاثر کررہی ہے۔ صدر نے اپنے بیٹے کو ایک اچھے کھلاڑی اور فٹ بال کے پرستار کے طور پر بیان کیا۔ٹرمپ نے کہا ہمیں واپس آنا ہے۔ہمیں واپس آنا ہے۔ یاد رکھو. ہمیں واپس آناہے اور ہمیں جلد ہی کھیلوں میں واپس آنا ہوگا۔یہ ایک منافع بخش صنعت اور عوامی تفریح کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔

وبائی مرض کی وجہ سے دنیا میں جہاں بہت لوگوں کی زندگیاں الٹ گئی ہیں اور خاص طور پر اٹلی میں جہاں بہت زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔ باسکٹ بال کے دو سابق کھلاڑی اور حالیہ انٹر نیشنل ریفری سلویہ مرزیلی اور گائڈو جیو نینٹی باسکٹ بال کورٹ سے دور ہوکر اپنے اصلی پیشے طب کی طرف واپس آگئے ہیں ،سلویہ مرزیلی اور گائڈو جیو نینٹی جو خاتون اور مرد ڈاکٹر بھی ہیں اٹلی کے ایک بڑے اسپتال میں متاثرہ مریضوں کے علاج میں مصروف عمل دکھائی دے رہے ہیں،ولویہ گاینا لوجسٹ اورجیونیٹی امراض قلب کے ماہر معالج ہیں مگر اب وہ دونوں کورونا وائرس مریضوں کے لئے ایک مختلف شعبہ میں کام کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

کورونا وائرس نے اولمپکس گیمز کی تاریخ بدل دی،ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس گیمز میں اگلے سال24برس کے کھلاڑی حصہ لیں سکیں گے، یہ پہلا موقع ہوگا جب23سال سے زائد عمر کے فٹبالرز اولمپکس گیمز میں ایکشن میں ہوں گے، فیفا کے قانون کے تحت صرف23برس کے کھلاڑی اولمپکس گیمز میں حصہ لیتے ہیں، فٹبال کی عالمی تنظیم نےٹوکیو اولمپکس میں مردوں کے فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے عمر کی حد میں توسیع کردی ہے۔ترمیم شدہ اولمپک اصول کے مطابق یکم جنوری 1997 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی ٹوکیو گیمز کے معیار کو برقرار رکھ سکیں گے۔اس کا مطلب ہے کہ 2020 میں مطلوبہ انڈر 23 ٹورنامنٹ کے اہل کھلاڑی اگلے سال 24 سال کی عمر میں جاپان میں کھیل سکیں گے۔ 

جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے ہنگامی اعلان نے کھیلوں کی تنظیموں کو ہنگامی صورتحال کا مسودہ تیار کرنے اور مقابلوں کی منصوبہ بندی کرنے پر آمادہ کیا ،نیو یارک کے میئر بل دی بلاسیو نے نیو یارک کے معروف کرونا پارک میں واقع عالمی شہرت یافتہ یو ایس اوپن ٹینس سینڑ کے بلی جین کنگ ٹینس سنیٹر میں بھی عارضی اسپتال قائم کردیاہے، جو سات اپریل سے کام شروع کرچکا ہے۔واضح رہے کہ اس ٹینس سنٹر میں سال کا چوتھا بڑا گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن منعقد ہوتا ہے جو عموما ًاگست کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین