شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے )ضلع بھر کی سپورٹس ایسوسی ایشن اور سپورٹس تنظیموں نے ڈسٹرکٹ آفیسر سپورٹس کے ہتک آمیز رویہ ، سپورٹس تنظیموں سے عدم رابطہ ، سپورٹس فنڈز میں مبینہ طور پر گھپلوں کی بناء پر اس کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ ڈی او سپورٹس نے ایک طرف کھیلوں کے میدانوں کو ویران کردیا ہے تو دوسری طرف وہ ضلع میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کررہے ، ان کی طویل تعیناتی سے سپورٹس کے حلقے پریشان ہیں، ڈی او سپورٹس کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی اور کھلاڑیوں کے خلاف جارحانہ رویہ قابل مذمت ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری مبشر چوہدری، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم خان ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری شہریار چیمہ اور دیگر سپورٹس تنظیموں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا، ان عہدیداروں نے صوبائی سیکرٹری سپورٹس پنجاب اور پنجاب سپورٹس بورڈ ، ڈسٹرکٹ آفیسر سپورٹس شیخوپورہ کی نگرانی میں ہونے والی مختلف سپورٹس سرگرمیوں میں عدم دلچسپی ، کرکٹ ، ہاکی اور فٹ بال کلبوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک کافوری نوٹس لیں ۔