وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی پریس کانفرنس کے دوران تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ مردان میں کیسز کم سامنے آئے ہیں۔
وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں رواں ہفتہ 500 سے زائد کورنا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 12 اضلاع میں کیسز کی تعداد کم ہے، 11 اضلاع میں 35 تک کورونا کیسز ہیں جبکہ چار اضلاع میں 100 سے کم کورنا کیسز ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اختیارات دیے ہیں، تمام اضلاع کی انتظامیہ اپنے علاقوں کی مناسبت سے اقدامات کریں گی۔
وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پشاور اور مردان میں سو سے زائد کیسز ہیں، پشاور میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ تاجر برادری کے لیے کاروبار کھولنے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں، فارمولے کے تحت کاروبار کھولیں گے تاکہ وائرس زیادہ نہ پھیلے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک ہی کشتی میں سب سوار ہیں سب جان بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کی تعداد بڑھا رہے ہیں کیونکہ صرف وینٹی لیٹرز کے ذریعے کورونا کو شکست نہیں دی جاسکتی ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ٹیسٹنگ کی تعداد اگلے چند ہفتوں میں 2 ہزار تک بڑھائی جائے گی جبکہ روزانہ ایک ہزار ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کرائیں گے۔