وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے راولپنڈی میں علماء اور مشائخ سے اہم ملاقات کی اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی۔
عید گاہ شریف راولپنڈی میں علماء کرام کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، پیر نقیب الرحمان سمیت جید علماء و مشائخ نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس ایک عالمی ناگہانی آفت ہے، اس کو غیر سنجیدہ لینا خطرناک ہوسکتا ہے، اس لیے سب اس بات پر یک زبان ہیں کہ ریاست اور طبی شخصیات کی بات پر من و عن عمل کیا جائے اور جتنا ہوسکتا ہے اس معاملے کو سنجیدہ لیا جائے۔
اس موقع پر صاحبزادہ حسان حبیب الرحمان نے تمام جید علماء کا پیغام پہنچایا۔
اجلاس میں پیر حبیب اللّٰه شاہ سجادہ نشین گھمکول شریف، پیر محمد امین الحسنات شاہ سجادہ نشین بھیرہ شریف، پیر ڈاکٹر ساجد الرحمان سجادہ نشین بگھار شریف، پیر سعادت علی شاہ سجادہ نشین چورہ شریف، پیر شمس الامین سجادہ نشین مانکی شریف، خواجہ غلام قطب الدین فریدی سجادہ نشین گھڑی شریف، پیر ڈاکٹر فضیل عیاض قاسمی سجادہ نشین موہڑہ شریف، پیر سید علی رضا بخاری اور صاحبزادہ عدنان قادری لنڈی کوتل شریف نے شرکت کی۔