ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب میں دفعہ 144 کے الزام میں پکڑے گئے تمام ملزمان چھڑوائے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی دفعہ 144 کے ملزمان چھوڑ دیں۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر قلیوں اور ڈیلی ویجز ملازمین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کورونا ملک میں کنٹرول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہی سے مانگیں، اللّٰہ تعالیٰ ہی نےیہ وباختم کرنی ہے، غریب آدمی کو راشن مل رہا ہے، مسئلہ سفید پوش کا ہے، جو ہاتھ پھیلانا توہین سمجھتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کنٹرول میں ہے، امریکا اور یورپی ممالک فرانس، اٹلی کی طرح لوگ نہیں مر رہے، پاکستان پر اللّٰہ تعالیٰ خاص کرم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قرض معاف کرنے کی بات کی، انہوں نے قرض ایک سال کے لیے ملتوی کرائے۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ فرانزک رپورٹ آئے گی اور آئی پی پی، شوگر اور قرض معاف کرانے والے انجام کو پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیئے: حکومت بنانے میں جہانگیر ترین کا بڑا دخل ہے، شیخ رشید
انہوں نے یہ بات پھر دہرائی کہ جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر اِنچیف میر شکیل الرحمٰن کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان سے بات کی ہے۔
وفاقی وزیر شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ بڑے منی لانڈرز میں سے ایک بھی جیل میں نہیں، صرف غریب آدمی جیل میں ہے۔