• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، کار لفٹر گروہ کا سرغنہ گرفتار ، مسروقہ گاڑی برآمد

پشاور(کرائم رپورٹر )کیپٹل سٹی پولیس پشاور کورونا کے خلاف جنگ لڑنے کیساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی بھر پور اقدامات کر رہی ہے، شہر کے تجارتی مراکز سے قیمتی گاڑیاں سرقہ کرنے والے خطرناک گروہ کا سراغ لگا کر گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق شبقدر سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں سرقہ کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے مسروقہ موٹرکار بھی برآمد کر لی ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے دوران تفتیش ملزم سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مدعی محمد حیات ولد غیر ت شاہ سکنہ سٹی ہوم پشاور نے تھانہ فقیر آباد پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ دلہ زاک روڈ سبزی منڈی میں کسی نامعلوم ملزمان نے اس کی کار چوری کر لی جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ایس پی سٹی محمد شعیب نے تجارتی مرکز سے گاڑی چوری کے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی فقیر آباد عالزیب خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد جاوید اختر پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ سبزی منڈی اور دیگر مختلف مقامات پر بھی سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جس کے دوران اصل گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے گروہ کا سرغنہ سفیر ولد عالم خان سکنہ شبقدر کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں سرقہ کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا جس کی نشاندہی پراس کے قبضے سے مسروقہ موٹرکار بھی برآمد کر لی ہے،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
تازہ ترین