سندھ میں مقیم گلگت بلتستان کےطلبہ کی فریاد سن لی گئی، سندھ حکومت نے واپس جانے کے خواہشمند گلگت بلتستان کےطلبہ کو این او سی دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں زیر تعلیم گلگت کے 2570 طلبہ کے واپسی سے قبل مفت کورونا ٹیسٹ کیےجائینگے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیر کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں میں گلگت کے طلبہ زیر تعلیم ہیں، جو طلبہ واپس جانا چاہتے ہیں انہیں این او سی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے کورونا ٹیسٹ کیےجائینگے۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ جن اداروں میں زیر تعلیم ہیں کورونا ٹیسٹ وہیں ہوں گے۔ ان طلبہ کے کورونا ٹیسٹ کے لیے محکمہ صحت کی ٹیم خود ان کے پاس جائے گی۔
کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر گلگت بلتستان واپس جانے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے گلگت بلتستان حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم گلگت بلتستان کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔