وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت اقدامات کیئے، وزارت خارجہ این ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات مہیا کر رہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اور طبی آلات و سامان کی دستیابی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیر خارجہ کو دنیا بھر اور خصوصاً چین سے آنے والے طبی سامان پر بریفنگ بھی دی ، جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ این ڈی ایم اے کےکردار کو ملک بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ چین سےسامان کی خریداری اور ترسیل میں وزارت خارجہ کا کردار کلیدی ہے، چین میں پاکستانی سفارتخانے نے ہر ممکن مدد اور رہنمائی فراہم کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں سہولیات مہیا کرنے پر وزارت خارجہ کے ممنون ہیں۔