• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہما اشرف

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوا ہی جاتا ہے۔ دیگر تیاریوں کے ساتھ سحری اور افطاری کے پکوان کی بھی کچھ نہ کچھ تیاری تو کرہی لی ہوگی۔ کیا خیال ہے سحری اور افطاری کا دسترخوان سجانے میں ہم آپ کا ہاتھ نہ بٹادیں تو آئیےپہلے سحری کے پکوان تیار کرتے ہیں۔ آپ چاہیں تو کچھ پکوان پکا کر فریز بھی کرسکتی ہیں۔ سحری میں قیمہ ،چکن مسالہ اور کشمیری کباب پراٹھے کے ساتھ کھائیں یا چپاتی سے افطاری میں بنائیں پکوڑے ،چاٹ اور دہی بڑوں کے ساتھ کشمش کی چٹنی۔

… قیمہ …

اجزا: گائے کا قیمہ آدھا کلو،دہی ایک پائو،لیموں ایک عدد، پیاز تلی ہوئی دو عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، پسا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ دو چائے کے چمچے، پپیتا ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچے، نمک حسبِ ضرورت، ہری مرچ اور ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب :گائے کا قیمہ دھو کر ا س میں پپیتا،کٹی ہوئی لال مرچ ،ہلدی ،نمک ،زیرہ اور پسا ہواگرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں ۔ساتھ تلی ہوئی پیاز ،دہی ،ادرک اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں مسالہ ملا قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر آدھے گھنٹے کے لیے پکائیںاور دیگچی ڈھانپ دیں ،جب پانی خشک ہوجائے تو اس میںحسبِ ضرورت ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر شامل کردیں ۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں ۔

… قیمہ گھوٹالہ …

اجزا:قیمہ آدھا کلو ،پیازایک عدد(کٹی ہوئی)،لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے ،لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ،دھنیا پائوڈر دو چا ئے کا چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،دہی آدھی پیالی،ٹماٹرتین عدد (کٹے ہوئے )،نمک حسبِ ضرورت،زیرہ ایک چائے کا چمچہ (بھنا اور کٹا ہوا)،ہری مرچ تین عدد(کٹی ہوئی )،ہرا دھنیا دوکھانے کے چمچے (کٹا ہوا) ،انڈے تین عدد (پھینٹے ہوئے )،ادرک حسبِ ضرورت ( کٹی ہوئی )

ترکیب : ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز کو پانچ سے سات منٹ تک فرائی کرلیں یہاں تک کہ ہلکی سنہری ہوجائے ۔اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ،کٹے ٹماٹر ،قیمہ ،لال مرچ ،ہلدی ،دھنیا ،نمک اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں ۔پھر اس میں دہی شامل کرکے فرائی کرلیں ۔اب اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک کر گوشت گلنے تک پکائیں ،پھر اس میں انڈے پھینٹ کر یک جا کرلیں ۔آخر میں ٹماٹر (کیونر کی شکل میں ) ،گرم مسالہ ،ہری مرچ ،ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ دم پر رکھ دیں۔ پھر گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں ۔

…جھٹ پٹ چکن مصالحہ…

اجزا: چکن ایک کلو،لہسن آٹھ سے دس جوئے ،پیاز(موٹی کٹی ہوئی) دوعدد درمیانی،ثابت لال مرچیں دس سے بار عدد،کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ، ادرک ایک ٹکڑا ،دہی (پھینٹا ہوا) ایک پیالی ،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ ،تیل آدھی پیالی۔

ترکیب : سب سے پہلے چکن کو نمک ،کالی مرچ اور دہی لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔پیاز ،ادرک ،لہسن ،زیرہ اور لال مرچوں کو ملا کر موٹا موٹا پیس لیں۔ دیگچی میں تیل کو دوسے تین منٹ تک درمیانی آنچ پر ہلکا گرم کرکے ثابت گرم مسالہ ڈالیں ۔تیل جب کڑکڑانے لگے تو پیساہوا مسالہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ تک بھونیں ۔چکن ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر تین سے چار منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں اور پھر چو لہے سے اتار لیں ۔گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

…کشمیری کباب …

اجزا: قیمہ ایک کلو،انڈے دو عدد،سونف پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ،ادرک ایک چائے کا چمچہ،دار چینی پائوڈرآدھا چائے کا چمچہ،زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ،پیاز ایک عدد،سوکھا پودیناایک کھانے کا چمچہ،مکھن دو کھانے چمچے۔

ترکیب: قیمے میں تمام مسالے ملاکر پیس لیں۔ اب اس میں کٹی ہوئی پیاز، انڈے اور دو کھانے کے چمچے مکھن شامل کرکے یک جا کرلیں۔ اسے دیگچی میں ڈال کر دھیمی آنچ پر پکالیں یا اسٹک پر لگا کر فرائی پین میں 2 سے 3 چمچے چوکور کٹی پیاز اور زیرہ ڈال کر ہلکا گلابی کریں اب اس میں آدھا پاؤ دھی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اب اس کے اوپر کباب رکھ کر ہلکی آنچ پر پکالیں۔

مکس پکوڑے

اجزاء:بیسن ایک پائو،آلو ایک عدد درمیانے سائز کا (ٹکڑوں میں کٹا ہوا)،پیاز ایک عدد درمیانی( چھوٹی کٹی ہوئی)،پالک کے پتے چھ عدد (چھوٹے کٹے ہوئے)، ثابت دھنیا ایک کھانے کاچمچہ،زیرہ ایک کھانےکا چمچہ،نمک مرچ حسبِ ذائقہ، میٹھاسوڈا ایک چٹکی، انار دانہ ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: بیسن میں نمک، مرچ اور میٹھا سوڈ ڈال کر پانی سے پھینٹ لیں اورکچھ دیر کے لیے رکھ دیں اس سے پکوڑے خستہ بنیں گے، پھر اس میں ثابت دھنیا، اناردانہ اور زیرہ ملا کرگھول لیں پھر پالک آلو اور پیاز بھی شامل کرلیں اورتیز گرم تیل میں ہلکی آنچ پرسنہرا ہونے تک تلیں۔ مزیدارمکس پکوڑے تیار ہیں ۔ چٹنی کے ساتھ لطف دوبالا کریں۔

کشمش کی چٹنی

اجزا: کشمش: 50 گرام ، املی کے پانچ سے چھ دانے ، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چمچہ ، چینی کھانے کے تین چمچے ، نمک:حسب ذائقہ

ترکیب: کشمش کی چٹنی کے لیے ایک کپ پانی لیں اس میں کشمش ، املی کے دانے ، کالی مرچ کٹی ہوئی اورچینی ملاکراچھی طرح گرینڈ کرلیں اورآخرمیں معمولی نمک ڈال لیں۔اب دہی میں 6 سے 7 کھانے کے چمچے چینی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اوراس میں تیارکی گئیں بوندیوں کو ملا لیں اس کے بعد اوپرسے کشمش کی چٹنی ڈالیں اوردہی بڑوں کے مصالحے کے ساتھ افطارمیں پیش کریں۔یہ چٹنی بنا کر فریز کرلیں یا جار میں ڈال کر ریفریجریٹر میں رکھ دیں ۔حسب ِ ضرورت افطار سے آدھا گھنٹے قبل فریج سے نکال لیں ۔

ما ش کی دال کے بڑے

اجزاء:ماش کی دال ڈیڑھ کپ،نمک حسبِ ذائقہ،تیل فرائی کے لیے،دہی ایک کلو،املی کی میٹھی چٹنی حسبِ ضرورت،ناریل پسا ہو،ہرا دھنیا آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، نمک ایک چائے کا چمچہ، لال مر چ ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچہ،بگھار کے لیے تیل دو کھانے کے چمچے،رائی ایک کھانے کا چمچہ، کڑی پتے چند عدد۔

ترکیب:ماش کی دال کو دو سے تین گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں، دال بالکل باریک نہ ہو تھوڑی سی دانے دار رہنی چاہیے، اب اس میں نمک ملا دیں، پھرکڑھائی میںتیل گرم کرکے بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کرلیں۔جب گولڈن ہوجائیں تو نکال کر کھلے برتن میں پانی میں ڈالتے جائیں، اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔ایک ڈش لیں اورپکوڑوں کو دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں ۔اس کے بعد ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں اوراوپر سے دہی ڈال دیں پھر اس پر املی کی چٹنی ناریل، نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، بگھار اور ہرا دھنیا ڈال کر سرو کریں۔مزیدار ماش کے دہی بڑے تیار ہے ۔

چنا چاٹ

اجزاء:کابلی چنے آدھاکلو(اُبلے ہوئے)، آلو تین عدد(اُبلے ہوئے کیوبز کی شکل میں)، ہری مرچ چار عدد(باریک کٹی ہوئی)،پیاز دو عدد (باریک کٹی ہوئی)، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،چینی ایک کھانے کا چمچہ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ (بھنا اور کٹا ہوا)،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (کٹی ہوئی)،چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ،نمک ایک چائے کا چمچہ،ٹماٹر ایک عدد (باریک کٹا ہوا)،ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچے،املی آدھا کپ،پاپڑی تین سے چار عدد۔

ترکیب: ایک پیالے میں کابلی چنے، آلو ، ہری مرچ، پیاز، لیموں کا رس، چینی، زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، چاٹ مسالہ، نمک، ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر مکس کرلیں۔ اب اس پر ہرا دھنیا، املی کی چٹنی اور پاپڑی ڈال کر پیش کریں۔ 

تازہ ترین