راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی ڈویژن میں اب تک2ہزار9سو 56معذور افراد کو خدمت کارڈ جاری ہوچکے ہیں۔ جبکہ10ہزار8سو سات افراد میں سےاب تک تین ہزار سات سو42افراد کی تصدیق ہوئی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا کی تصدیق پہلے مرحلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے کرائی گئی تھی ۔ جس کی دوسرے مرحلے میں تصدیق یونین کونسل سطح پر یوسی سیکرٹریز سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔9سو83افراد نے تصدیق کیلئے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈز کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا ہے جبکہ فراہم شدہ ڈیٹا میں سے8سو49افراد دار فانی سے کوچ کرچکے ہیں۔766افراد اپنے دیے گئے پتے پر دستیاب نہیں۔خدمت کارڈ کی فراہمی اور ڈیٹا کی تصدیق کے سلسلے میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن طارق محمود کی زیر صدارت ڈویژن بھر کے افسران کا اجلاس ہوا۔ای ڈی او سی ڈی راولپنڈی عقیل احمد خان نے بتایا کہ راولپنڈی میں ڈیٹا کے مطابق پانچ ہزار ایک سو42افراد ہیں۔اب تک ایک ہزار 16کی تصدیق ہوچکی ہے۔جس میں سے795کو کارڈ جاری ہوچکے ہیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اسلم میتیلا نے بتایا کہ راولپنڈی میں انتقال کرجانے والے افراد کی تعداد2سو نو ہے۔119نے بورڈز کے سامنے سے پیش ہونے سے انکار کیا۔ایڈیشنل کمشنرکوآرڈینیشن طارق محمود نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ضلع اٹک میں2119افراد میں سے909کی تصدیق ہوئی،712کو کارڈ جاری ہوئے۔ضلع چکوال میں2278افراد میں سے1160کی تصدیق اور893کو کارڈ ملے۔ضلع جہلم میں1278میں سے657کی تصدیق کے دوران101مسترد کرکے556کو خدمت کارڈ جار ی کیے گئے۔انہوں نے اجلاس میں ہدایت کی کہ خدمت کارڈ کے مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرکے کارڈ جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی نے نئی فہرستیں بھی بھجوائی ہیں جن پر کام جاری ہے اور اب یونین کونسل سیکرٹریز کو بھی تصدیق کے عمل میں شامل کیا جارہا ہے۔