فرنٹیئر کور نے چمن سے افغان خفیہ ایجنسی کے اہل کار کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم کی نشاندہی پر 21 کلوگرام بارود اور بم بنانے کے آلات بھی برآمد ہوئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ افغان انٹیلی جنس افسر کی گرفتاری بھارتی را ایجنٹ کل بھوشن یادو کی گرفتاری کی کڑی ہے۔
ترجمان فرنٹیئر کور کے مطابق خفیہ اطلاع پر چمن کے علاقے بوغرہ سےافغان انٹیلی جنس اہل کار کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور وائرلیس سیٹ برآمد ہوئے۔
گرفتار جاسوس کی نشاندہی پر چمن کے نواحی علاقے میں ایک کمپاؤنڈ پر بھی کارروائی کی گئی،جہاں سے 21 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور بم بنانے کے آلات برآمد ہوئے۔ افغان انٹیلی جنس اہلکار کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین بولدک سے ہے۔
ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار ایجنٹ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا،دوسری طرف بلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغان انٹیلی جنس اہلکار کی گرفتاری بھارتی را ایجنٹ کل بھوشن یادو کی گرفتاری کی کڑی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز پوری طرح چوکس ہیں، افغانستان اور ایران سے ملحقہ پاکستانی سرحد کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔