حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں حکومت اور اپوزیشن کومل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
لاہور میں چوہدری شجاعت کی زیر صدارت مسلم لیگ ق کا اجلاس ہوا، جس میں چوہدری پرویز الہٰی، کامل علی آغا، سلیم بریار اور مونس الہٰی سمیت دیگر شریک ہوئے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ضروری سامان کی تقسیم جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد بھی جاری رکھی جائے، جبکہ احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔
سر براہ مسلم لیگ ق نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اوور سیز پاکستانی اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پر ویز الہٰی نے کہا کہ کورونا سے لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ ق عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔