• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں اسٹارٹ اپس کی کاروباری تربیت کیلئے آن لائن ورکشاپ

پشاور(خصوصی نامہ نگار) پشاور کے 28 بزنس اسٹارٹ اپس کیلئے او ایل ایکس پاکستان نے تین روزہ خصوصی آن لائن ٹریننگ کا انعقاد کیا، تربیتی سیشنز میں شرکت کرنے والے بیشتر اسٹارٹ اپس نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ بعض اسٹارٹ اپس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز پشاور کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کی نمائندگی کررہے تھے۔ اس ورکشاپ کا مقصد یہ تھا کہ آن لائن ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری مہارتوں کو پروان چڑھایا جائے ، کاروباری ذہانت سے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جائے اور آن لائن و آف لائن طریقے استعمال کرتے ہوئے لوگوں اور کاروباری اداروں کیلئے اپنی مصنوعات و خدمات کو مارکیٹ میں پیش کرکے انہیں قابل فروخت بنایا جائے۔ سب سے منفرد اور جدت کے حامل تین اسٹارٹ اپس کو او ایل ایکس پلیٹ فارم پر 20ہزار امریکی ڈالرز کی اعزازی تشہیر کا نہ صرف موقع ملے گا بلکہ او ایل ایکس کی ٹیم انہیں تین ماہ کے لئے خصوصی رہنمائی فراہم بھی کرے گی جبکہ ایک سال کے لئے انہیں برانڈ کنسلٹنسی میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مانیٹائزیشن منیجر ولید ابراہیم نے کہاکہ تازہ ترین معلومات سے باخبر رہنے اور نئی مہارتیں سیکھنے سے پشاور جیسے شہر میں نئے اسٹارٹ اپس دوسروں سے ممتاز نظر آسکتے ہیں،نوجوان کاروباری افراد کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں جو کاروبار کے روایتی انداز کو تبدیل کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور ترقی کرکے پاکستان کی خوشحالی کے لئے کام کرتے ہیں۔ نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) پشاور کے ڈائریکٹر فیصل جمیل نے کہاکہ این آئی سی پشاور کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا میں کامیاب کاروباری ماحول کی بنیاد رکھی جائے۔ ماضی میں این آئی سی پشاور نے تقریبا ہر طرح کے کاروبار میں اسٹارٹ اپس کو پروان چڑھایا ہے جس سے اس خطے میں کاروباری ماحول قائم ہوگیا ہے جس کے ذریعے یہ نوجوان کاروباری افراد مستقبل میں انڈسٹری کے تجربہ کار ماہرین میں ڈھل جائیں گے۔
تازہ ترین