گوجرانوالہ میں مذہبی شخصیت پیر عظمت شاہ المعروف کیلیانوالہ شریف کی نماز جنازے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سی سی پی او گوجرانوالہ گوہر مشتاق کا کہنا ہے کہ پیر عطمت شاہ کے مریدوں کی تعداد بہت زیادہ تھی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اجتماع روکنے کی بہت کوشش کی، بڑے ہجوم کے اکٹھا ہونے پر لوگوں کو زبردستی منتشر کرنا ممکن نہیں تھا۔
پیر عظمت شاہ کا انتقال دو روز قبل جمعے کو ہوا تھا، ان کی نماز جنازہ تھانا علی پور چٹھہ کے علاقہ کیلیانوالہ میں ادا کی گئی، جنازے میں پیرعظمت شاہ کےمریدوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔
سی پی اوگوجرانوالہ نے کہا کہ پیر عظمت شاہ کی وفات کے بعد علاقہ کو جانیوالی شاہراہوں پر ناکہ بندی بھی کی گئی تھی، مگر لوگ میلوں دور سے پیدل چل کر جنازے میں شرکت کیلیے پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ہزار افراد جمع ہوئے تو افہام و تفہیم سے 3 بار نماز جنازہ ادا کی گئی، جبکہ اس موقع پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود رہے۔
سی پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ مرحوم کے جانشینوں نے بھی لوگوں کو جنازے میں شرکت سے روکنے کے لیے اعلانات کروائے تھے۔