جنگ اور جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملتان اور وہاڑی میں آج بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
ملتان میں جنگ اور جیو نیٹ ورک کے آفس کے باہر ہونے والے مظاہرے میں صحافیوں کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
دوران خطاب مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق ناظم یونین کونسل عمران ارشد نے سوال کیا کہ میرشکیل الرحمٰن کی 34 سال پرانے مقدمہ میں گرفتاری، انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟
میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے وہاڑی میں بھی صحافتی تنظیموں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی، میڈیا ورکرز نے میر شکیل الرحمٰن کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا اور ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی پر شدید نعرے بازی کی۔