کورونا سے نیویارک میں مسلمانوں کی بھی بڑی تعداد میں اموات ہورہی ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق صرف بروکلین کے الریان مسلم فیونرل سروسز سینٹر میں روزانہ کم سے کم 15 افراد کی تجہیز و تکفین کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
اخبار کے مطابق صبح سے شام تک مختلف اوقات میں ٹرک سے لاشیں اتاری جاتی ہیں اور تجہیز و تکفین کے بعد تدفین کے لیے بھیج دی جاتی ہیں، کورونا وبا سے پہلے یہاں لائی جانیوالی میتوں کی تعداد ایک ماہ میں 20 سے 30 ہوا کرتی تھی، جاں بحق افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان اور بنگلادیش سے ہے اور ان میں سے کئی کے لواحقین آبائی ممالک میں ہیں۔
اخبار کے مطابق پچھلے دو ماہ میں اس مرکز نے دو سو افراد کی تدفین کی ہے، جن میں سے زیادہ تر کورونا وبا سے جاں بحق ہوئے تھےتاہم فارماسسٹ فرزانہ احسن اورٹیکسی ڈرائیور اورنگزیب اقبال کی میت پاکستان بھیج دی گئی تھی۔
الریان سینٹر کے مالک ظفر اقبال پاکستانی ہیں جو امریکا منتقل ہوئے تھے، ابتدا میں ٹیکسی چلاتے تھے جبکہ تین برس پہلے انہوں نے کونی آئی لینڈ ایونیو پر یہ سینٹر کھولا ۔