• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل کی گرفتاری کیخلاف لاہور، پشاور، کراچی میں احتجاج

پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور، کراچی اور پشاور میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ 

کراچی میں جنگ بلڈنگ کے سامنے آزادی صحافت اور میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

شرکاء سے جنگ یونین، دی نیوز یونین اور جاوید پریس یونین کے عہدیداران نے خطاب کیا اور کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی حراست غیرقانونی اور غیر آئینی ہے۔

ادھر لاہور میں جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سول سوسائٹی کے رہنما عبداللّٰہ گل سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں اور پابندیوں سے سچ کو دبایا نہیں جا سکتا، میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

پشاور میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاج میں جے یو آئی (ف) کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان، جنگ گروپ کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ارشد عزیز ملک، شکیل فرمان علی اور کارکنوں نے شرکت کی۔

عبدالجلیل جان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ صحافت کے میدان میں ظلم و جبر سہنے اور حق بات کہنے والوں کی حمایت کی ہے۔

تازہ ترین