وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پچھلے امتحانات کی بنیاد پر طالب علم کو آئندہ کلاسز میں پروموٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی بورڈز کے امتحانات نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام کالجز، یونیورسٹیاں بھی 15 جولائی تک بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں 9 مئی لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہم نے عقلمندی سے لاک ڈاؤن کھولنا ہے، اب لوگوں کی ذمے داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا اور کیسز بڑھے تو پھر لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، صوبوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پر خدشات ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کھلنے سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا۔
ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پر مشاورت کریں۔
دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے ساتھ دیکھنا ہوگا کہ کورونا کے کیس تیزی سے نہ بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا پڑے گا، اگر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو لاک ڈاؤن سے مزید پیچھے جانا پڑے گا۔