وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ چھوٹی مارکیٹیں اور محلے کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے بھی فیصلے کر رہے ہیں ان کا مقصد انسانی زندگیاں ہیں، تمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ٹاک شوز میں لگتا ہے کہ وفاق و صوبے دست و گریباں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان چاہتے تو ٹرانسپورٹ کے بارے میں فیصلہ صوبوں پر مسلط بھی کر سکتے تھے، مگر وہ چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر فیصلے کیے جا ئیں۔
اسد عمر نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، محلے کی دکانیں بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: ملک میں مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں، اسد عمر
انہوں نے مزید کہا کہ سحری کے بعد بھی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم تمام کاروبار ہفتے میں 2 دن بند رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمرنے یہ بھی کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسپتالوں کی او پی ڈیز بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اسکولوں کو بند رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔