مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 1976 کے لال سہانرا متاثرین میں اراضی تقسیم پر شہباز شریف کونیب کا نوٹس دینا مضحکہ خیز ہے ۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ منی لانڈرنگ کے جھوٹےالزامات میں ناکامی کے بعد یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نیا شاہکار ہے، اربوں کھربوں کے جھوٹے الزامات میں ایک دھیلےکی کرپشن نہیں ملی۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان کو نوٹس بھی قابل مذمت ہے، بلیغ الرحمان کو نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو دن رات مسلم لیگ ن، نواز شریف اور شہباز شریف کے کیسز اور فیسز نظر آتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو دھوکا دے کر حکومت میں آنے والوں کو وہاں کےغریبوں کی مدد پر اعتراض ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ گندا نالہ، اثاثہ جات کیس میں کچھ نہ ملنے پر شہباز شریف کےخلاف نیب ملتان کو نیا ٹارگٹ دیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لال سہانرا پارک بہاولپور کے متاثرین کو حکومت نے اراضی ادارہ جاتی عمل کےتحت دی تھی، نیب ملتان نے متاثرین لال سہانرا کو زمین الاٹ کرنے پر نوٹس کے ساتھ سوالنامہ بھجوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے17 ملین ڈالر کی ملتان میٹرو میں کرپشن کا جھوٹ بولا جس کی چین نےتردید کی، ملتان میٹرو پرعمران خان کو خوش کرنے کا سامان بھی نیب ملتان سے ہوا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 1976 سے چلے آنے والے معاملے پر نیب نوٹس دےرہا ہے، آٹا چینی کےتازہ ترین کیس پر نوٹس نہیں دے رہا۔ جبکہ بی آر ٹی، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، فارن فنڈنگ، بلین سونامی، آٹا، چینی چوروں کی طلبی کا نوٹس ابھی تک نہیں گیا۔