تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ملائکہ ریاض
عبایا، اسکارفس:حجاب النساء گارمنٹس، لاہور
آرایش:خاور ریاض سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
رمضان المبارک کے مقدّس مہینے میں جہاںبے پناہ رحمتیں، برکتیں برس رہی ہوتی ہیں ،وہیں روزہ داراللہ کا وہ خاص بندہ بن جاتا ہے، جس کی دُعا قبول ہونے کی بشارت دی گئی ہے۔ حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا،’’ تین آدمیوں کی دُعا رَد نہیں ہوتی (ضرور قبول ہوتی ہے)، ایک روزے دار کی افطار کے وقت، دوسری عادل بادشاہ کی اور تیسری مظلوم کی۔‘‘
سو، یہ اللہ کے سامنے گڑگڑانے اور مانگنے کا مہینہ ہے، خاص طور پر ان حالات میں، جب ایک عالمی وبائی آفت کے ہاتھوں ہر ایک پریشان ہے،لہٰذا ربّ کے حضور خشوع و خضوع سے دُعائیں مانگیں کہ ایک وہی ذات ہے، جو حالات بدلنے پر قادر ہے۔ایک ایسے مقدّس مہینے میں، جس میں رحم و کرم کی برسات برس رہی ہو، لازم ہے کہ اوڑھنے پہننے میں بھی خاص احتیاط برتی جائے۔ تو آج ہم نے اپنی بزم ماحول ،موقعے ہی کی مناسبت سے خوب صُورت اور پُروقار عبایا، اسکارفس سے مرصّع کی ہے۔
ذرایکھیے،سیاہ اور براؤن کے امتزاج میں ڈبل لیئر عبایا کے ساتھ عربی انداز حجاب کیسا حسین اور پُروقار لگ رہا ہے۔ عبایا کا پلین اِنر براؤن رنگ کا ہے، جب کہ سیاہ رنگ اَپر فرنٹ اوپن ہے، تو ایمبریلا انداز میں ٹرپل لیئر آستینیں بھی بھلی لگ رہی ہیں۔ پھر سیاہ رنگ عبایا کے ساتھ سفید اور نارنجی رنگ اَپر کی ہم آمیزی بھی خُوب ہے۔
ایک دوسرے انداز میں نیلے اور سُرمئی کے کامبی نیشن میں عبایا خوش گوار تاثر دے رہا ہے،جس کا پلین اِنر نیلے رنگ کا اور اَپر سُرمئی بیس پرنٹڈہے، تو گہرے سُرمئی رنگ پلین حجاب سے بالوں کو اسٹائلش کلپ کی مدد سے اچھی طرح کور کیا گیا ہے۔ اِسی طرح سُرخ رنگ کفتان انداز عبایا بھی بے حد جاذبِ نظر معلوم ہو رہا ہے، تو کنٹراسٹ میں آف وائٹ رنگ حجاب سلیقے و قرینے سے اوڑھا گیا ہے۔ پھر فون رنگ پلین عبایا کے ساتھ ڈارک براؤن حجاب کے انداز کا بھی جواب نہیں۔