اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، آٹا چینی چوروں نے اپنے ڈاکے پر پردہ ڈالنے کے لیے حمزہ شہباز کو جیل میں رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہبازشریف کی ناحق قید کو ایک سال ہونے کو ہے، اب تک کوئی ریفرنس دائر نہیں ہوسکا۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزام میں حمزہ شہباز 50 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ جھوٹے مقدمے میں حکومت کے پاس کوئی گواہ ہے نہ ہی شواہد، بدعنوانی اور کرپشن کا ایک روپیہ برآمد نہیں ہوا لیکن حمزہ شہباز قید ہیں۔