• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاون: فٹبالر ملیکہ نور نے فٹنس کے لیے کک باکسنگ شروع کردی

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی پلیئر ملیکہ نور نے لاک ڈاون کے دوران خود کو اسپورٹس میں مصروف رکھنے کیلیے کک باکسنگ شروع کردی ہے لیکن ساتھ ساتھ فٹبال کی ڈرلز کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

جیو نیوز سے گفت گو میں ملیکہ نور نے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے وہ اپنے آبائی علاقے گلگت میں اپنی فیملی کے ساتھ موجود ہیں، گھر میں وقت گزر ہی جاتا ہے لیکن اس دوران کوشش ہوتی ہے کہ خود کو زیادہ سے زیادہ مصروف رکھا جائے۔

 پاکستان ویمن فٹبال ٹیم میں بطور ڈیفیندر کھیلنے والی ملیکہ نور کہتی ہیں کہ ان کے شوہر ایم ایم اے فائٹر اور کوچ ہیں اور ان کی نگرانی میں وہ کک باکسنگ اور پیڈورک کرتی ہیں جس سے انہیں فٹنس میں کافی مدد ملتی ہے۔

پچیس سالہ قومی فٹبالر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنے آپ کو مکمل فٹ اور کسی بھی وقت فٹبال فیلڈ میں واپسی کیلئے تیار رکھیں، وہ اپنا فٹبال روٹین بہت زیادہ مس کررہیں، خاص طور پر گول پوسٹس پر شوٹس کرنا بہت یاد آرہا اور جس دن سب کچھ سب ٹھیک ہوا وہ سب سے پہلے فٹبال فیلڈ جاکر گول پوسٹس پر شوٹ لگائیں گی۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فٹبال سے دوری بہت مشکل ہے اور کبھی کبھی اس وجہ سے ٹینشن بھی ہوتی ہے لیکن وہ فٹبال اور جم کی بندش کے خیالات ذہن سے دور رکھتی ہیں، اور مختلف ٹریننگ کے ساتھ ساتھ فٹبال کی کتابیں پڑھ کر خود کو مصروف رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ملیکہ نور نے کہا کہ فٹبال ان کا جنون اور پیشہ دونوں ہی ہے اور فٹبال کے بغیر رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد وہ دن آئے گا جب وہ ایکبار پھر فٹبال کے میدان میں ایکشن میں ہوں گی۔

تازہ ترین