صوابی( نمائندہ جنگ) صوابی پولیس نے کار کے ذریعے بھاری مقدار میں لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صوابی محمد فاروق خان نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ تین مختلف کارروائیوں میں منشیات ڈیلرز کو دھر لیا۔اس سلسلے میں پہلی کارروائی کے دوران ملزمان صفدر شیر ولد شمشیر سکنہ مانیری پایان اور تمریز خان ولد شماش خان سکنہ رحمت کوٹھے حال رہائش سلیم خان سے 6154گرام چرس برامد کرلی جو ملزمان نے سفید کلر ٹویوٹا گاڑی نمبر LXN 2611, کے انجن کے قریب خفیہ خانے میں چھپائی تھی۔ دوسری کارروائی میں ملزم رحمان اللہ ولد تاج محمد سکنہ جامداد بانڈہ نزد شگئی سے 2025گرام چرس اور 30گرام آئس برآمد کی جبکہ تیسری کارروائی میں ملزم تنویر خان ولد غلام حیدر ساکن سلیم خان سے 3030 گرام چرس برامد کرلی۔ ان تمام کاروائیوں میں ٹوٹل 11کلو 509 گرام چرس اور 30 گرام آئیس برآمد ہوئی۔ تاہم تمام ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت چارج کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایچ او محمد فاروق خان نے واضح کر دیا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی عمران شاہد کی ہدایات اور ایس ڈی پی او صوابی سرکل احسان شاہ کی نگرانی میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔