• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈائون سے متاثرہ وکلاء کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے‘بلوچستان بار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے رکن خلیل احمد پانیزئی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے باعث عدالتیں بند ہونے سے 1200 سے زائد ینگ وکلاء متاثر ہوئے ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر بلوچستان کے وکلاء کیلئے خصوصی فنڈز کا اعلان کریں تاکہ وکلاء پریشانیوں سے بچ سکیں ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اکبر شاہ ایڈووکیٹ ، تیمور شاہ ایڈووکیٹ ، قائم کاکڑ ایڈووکیٹ ، شمس کاکڑ ایڈووکیٹ ، اجمل کاکڑ ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا متاثر ہوئی اور اب تک اسکا کوئی علاج بھی دریافت نہیں ہوا وکلاء اس عالمی وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی بھر پور تائید کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ بلوچستان بھی کورونا سے متاثر ہوا اور کئی اموات بھی ہوچکی ہیں بلوچستان میں لاک ڈائون سے جہاں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد متاثر ہوئے وہاں وکلاء برادری بھی شدید متاثر ہوئی بلوچستان میں عدالتوں کو بند ہوئے دو ماہ پور ے ہوچکے وکلاء برادری کا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کیلئے پیکجز کا اعلان کیا لیکن وکلاء برادری کیلئے کوئی پیکیج نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وکلاء کیلئے 10کروڑ روپے اور خیبر پختونخوا حکومت نے بھی وکلاء کیلئے خاطر خواہ گرانٹ کی منظوری دی اسی طرح وفاقی اور بلوچستان حکومت فوری طور پر بلوچستان کے وکلاء کیلئے خصوصی فنڈز کا اعلان کریں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی وکیل نے عدالتوں پر حملہ نہیں کیا اس حوالے سے بیانات حقائق کے برعکس ہیں ۔
تازہ ترین