• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمن حکومت نے نئی قسم کے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کرنے اور تقسیم کرنے کے منصوبے پر کل 750 ملین یورو یعنی 812.2 ملین امریکی ڈالر، خرچ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے ریسرچ آنیا کارلیچیک نے پیر کے روز جرمن چانسلر انجیلا میرکل سے ’کورونا کابینہ‘ کے خصوصی اجلاس میں ملاقات کے بعد بتایا کہ جرمنی میں ویکسین کی آزمائش کی صلاحیتوں میں اضافہ کے سلسلے میں لگ بھگ نصف ارب یورو کی لاگت آئے گی، جبکہ 250 ملین یورو پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

اس مالیاتی فنڈنگ پروگرام کا ایک ہدف یہ بھی ہے کہ ویکسین کے آزمائشی مرحلے کے دوران شرکاء کی ایک بڑی تعداد کو کلینیکل ٹرائلز پر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

جرمنی میں عام حالات میں ٹرائلز مرحلہ وار بنیاد پر انجام دیے جاتے ہیں، یعنی ہر بار شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور ضرورت کے مطابق دوا کی مقدار تیار ہوتی ہے۔

کارلیچیک نے جرمن میڈیا کوبتایا کہ ابتدائی مرحلے میں رضاکارانہ بنیادوں پر ہونے والے ٹیسٹوں میں طبی عملے یا دیگر ضروری کارکنوں کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیداوار کے لیے مالی اعانت، مثال کے طور پرادویات کے لیے بوتلیں یا شیشیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کو ہوگی۔

ریسرچ منسٹر کے بقول ’’جیسے ہی کوئی ویکسین دریافت ہو جاتی ہے اور اس کی منظوری بھی مل جاتی ہے، تو لازمی ہے کہ یہاں جرمنی اور پوری دنیا میں تیزی سے اور بڑے پیمانے پر دوا کی پیداوار شروع ہو سکے۔‘‘

تازہ ترین