سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان سے مایوسی ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیرِ خارجہ نے ایوان میں آکر میرے بیان سے متعلق غلط بیانی کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے میرے بیان کو توڑ مروڑ کے پیش کیا گیا، میں نے اجلاس بلانے کی مخالفت نہیں کی۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ میں نے احتیاطی تدابیر اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے کراجلاس بلانے کی تجویزدی تھی۔
انہوں نےکہا کہ میری تجویز ارکانِ پارلیمنٹ اور عملے کو محفوظ بنانے سے متعلق تھی، میں نے تمام ممبرز اور عملے کی جانوں کو محفوظ بنانے کی تجویز دی تھی۔
یہ بھی پڑھیئے: ’ارکان پارلیمنٹ میں کورونا کی تشخیص باعثِ تشویش ہے‘
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والاکا مزید کہنا ہے کہ میرا بیان پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں میرا اپنی ذاتی تجویز تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں تفریق کا بیان نامناسب ہے، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس طرح غلط بیانی نہیں کرنی چاہیے۔