• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے اپنا حصہ ڈال دیا، اب آپ کی باری!، سونیا حسین


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے مستحق لوگوں کی مدد کرنے کے لیے راشن بیگز تیار کرلیے۔ 

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے راشن بیگز کی ویڈیو شیئر کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کو ایک معنی خیز پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہر سال رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہر ایک شخص اپنی حیثیت کے مطابق اپنے مستحق بھائیوں کی مدد کرتا ہے لیکن اِس بار لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے لوگ مالی مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔‘


سونیا حسین نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے یہ وقت صاحبِ استطاعت لوگوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اِس مشکل گھڑی میں حقدار لوگوں کی مدد کریں۔‘

اداکارہ نے راشن تقسیم کے حوالے سے کہا کہ ’میں نے ایک چھوٹی سی نیکی کرنے کا سوچا ہے کہ جس میں ہم اپنی اسطاعت کے مطابق اشیائے ضرورت لے کر راشن بیگ تیار کریں گے، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ راشن کے کتنے بیگز بناتے ہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’راشن تقسیم کرتے وقت اِس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ کسی کی عزت نفس آپ کی وجہ سے مجروح نہ ہو، آپ یہ کام چُپ چاپ بھی کرسکتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے یہاں غربت کے شکار افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے اِس لیے ہم سب کو مل کر اُن مستحق لوگوں کی مدد کرنی ہوگی اور اپنا حق ادا کرنا ہوگا کیونکہ اِس طرح ہم ان کے مسائل میں کمی لاسکتے ہیں۔‘

آخر میں اداکارہ  نے راشن بیگ کے ساتھ ایک کاغذ پر’آئیے مِل کر بِکھیریں مُسکراہٹیں‘ لکھا اور ساتھ ہی ہنسنے والی شکل بھی بنائی۔

اِس ویڈیو کے کیپشن میں سونیا حسین نے لکھا کہ ’یہ مایوسی ختم کرنے کا بہترین طریقہ ہے، میں نے اپنا کام کرلیا ہے اب آپ کو بھی اپنا حق ادا کرنا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے کیپشن میں ہیش ٹیگ ShareSmile بھی استعمال کیا۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل مایا علی اور حرا مانی نے بھی مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کیے تھے۔

تازہ ترین