مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی احسن اقبال کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم نے لاک ڈاؤن ختم کر دیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک اور قوم کی نگاہیں ایوان کی طرف لگی ہیں، ہم اور دنیا بھیانک وباء کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت اپنی معاشی اور سماجی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، ماہرین کہہ رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کا تجربہ موجود ہے کہ کورونا وائرس سے کیسا نمٹنا ہے، دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہوا، بڑی تعداد میں کورونا ٹیسٹنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لیے بروقت اور بہتر اقدامات نہیں اٹھائے، ہم نے منت کی کہ ہمیں بتایا جائے کہ حکومت کا کورونا کے خلاف کیا پلان ہے؟
نون لیگی رہنما نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتِ حال میں مشیرِ صحت کو قومی اسمبلی میں ہونا چاہیے تھا، شاہد خاقان عباسی نے بار بار پوچھا کہ ایک حکومتی پالیسی کا ایک صفحہ ہی دکھا دیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس حکومت کے پاس کوئی پالیسی ہے؟ اس حکومت کے پاس ایک ہی پالیسی ہے کہ اپنوں کو عہدے کیسے دینے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: احسن اقبال نے گرفتاری سے قبل کیا کہا؟
احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی وزیرِ اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کیا، وہ انا کے کوہِ ہمالیہ پر بیٹھے ہوئے ہیں، ناتجربہ کار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 ارب ڈالر جو ہمیں عالمی سطح پر ریلیف ملا ہے یہ بھی یہ اڑا دیں گے، بجائے سندھ کو فتح کرنے کے وزیرِ خارجہ اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی کا پلان دیتے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہنگامی پلان بنائیں، انہیں عید پر گھر پہنچائیں۔