ترکش ڈرامہ’ارطغرل غازی‘ کی کاسٹ پر تنقید کرنے والے پاکستانیوں کو روکنے پر خود تنقید کا نشانہ بننے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ارمینہ خان نے ناقدین کو وضاحت دے دی۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں ارمینہ خان نے کہا کہ ’میں نے دو دن پہلے ایک ٹوئٹ کیا تھا اور میں نے اپنے اُس ٹوئٹ میں’ارطغرل غازی‘ کے اداکاروں پر تنقید کرنے والی پاکستانی عوام کو ایسا کرنے سے روکا تھا۔‘
ارمینہ خان نے اپنے ٹوئٹ کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ مجھے نہیں پسند کہ کوئی کسی کو ہراساں کرے اِسی لیے میں نے اپنے ٹوئٹ میں حق کا ساتھ دیتے ہوئے پاکستانی عوام کو منع کیا تھا کہ آپ ’ارطغرل غازی‘ کے کرداروں کے مغربی طرزِ زندگی کو لیکر اُن کے خلا ف نہ بولیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کیوں لیکن میرے ٹوئٹ کو غلط معنی دیے گئے او ر مجھے کہا گیا کہ میں ارطغرل غازی کے خلاف ہوں جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر مجھے بہت سارے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں ارطغرل کے خلاف نہیں ہوں بلکہ میں خوش ہوں کہ بین الاقوامی انٹرٹینمنٹ مواد کو پاکستان میں خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اِس کے لیے ہم سب کو خوش ہونا چاہیے۔‘
ارمینہ خان نے پاک تُرک تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’تُرکی میں پاکستانیوں کی ایک اچھی پہچان ہیں اگر آپ لوگ اُن کے اداکاروں کے ساتھ ایسا کریں گے تو اِس سے تُرکی پر پاکستان کے غلط تاثرات جائیں گے۔‘
اداکارہ کا کہنا تھاکہ ’فن کاروں کی ذاتی زندگی اُن کی پیشہ ورانہ زندگی سے بالکل مختلف ہوتی ہے تو اگر آپ کو اُن کا کوئی کردار پسند آتا ہے تو یہ آپ نہیں کہہ سکتے کہ ذاتی زندگی میں بھی یہ فنکار ایسا ہی بن جائے۔‘
آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں ایک بار پھر کہہ رہی ہوں کہ نہ میرا ٹوئٹ ارطغرل کے خلاف تھا اور نہ ہی میں ارطغرل کے خلاف ہوں، میں ہر ایک کو سپورٹ کرتی ہوں۔‘
یاد رہے کہ ارمینہ خان نے اپنے ٹوئٹ میں ’ارطغرل غازی‘میں ’ارطغرل ‘ کا مرکزی کردار نبھانے والے’ انجین التان دوزیتان‘ کی اُن کے پالتو کُتے کےہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔
اِس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے ارمینہ خان نے لکھا تھا کہ ’مجھے بہت افسوس ہوا کہ پہلے پاکستانی فنکاروں کو مذہب کے نام پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا او ر اب بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جا رہا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’ایسا کرکے آپ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مزید شرمندہ نہ کریں۔‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک کی مغربی لباس زیب تن کیے شیئر کی جانے والی تصاویر کو دیکھ کر بھی پاکستانی مداح اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔