ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ چھوٹی عید کے بعد دونوں طرف قربانیاں ہوں گی، شہباز شریف اپنا سوفٹ ویئر بدلیں تو ہی بچ سکتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نیب کے قانون کو سپورٹ کرتا ہوں، البتہ نیب قانون میں ترمیم کو سپورٹ نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کیوں کہہ رہی ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کر دیں، عید کے بعد نیب جھاڑو پھیر دے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں، میں انہیں اپوزیشن نہیں سمجھتا، میں ایک بیان دوں تو جواب میں ایک بیان آئے گا، یہ اپوزیشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی اکیلی کھڑی ہیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ عمران خان کے نیب کے قانون میں ترمیم کرنے سے پیغام جائے گا کہ ہم خوف زدہ ہیں، اس لیے میں نیب کے قانون میں کسی ترمیم کی حمایت نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ نے مولانا فضل الرحمٰن کو استعمال کیا، اگر مونس الہٰی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے تو اچھی بات ہے۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ ہمارے معاشی حالات بہت خراب ہیں، مسافر ماسک خود خرید کر لائیں، ریلوے کے جس قسم کے معاشی حالات ہیں ممکن ہے کہ ڈیفالٹ کر جائیں۔
یہ بھی پڑھیئے: رانا ثناء اللّٰہ نے شیخ رشید کا بیان مسترد کر دیا
ان کا کہنا ہے کہ ہم ریلوے میں نئی جعفر ایکسپریس چلا رہے ہیں، جس سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہوگا، کورونا وائرس میں بھی دنیا بھر میں ٹرین چل رہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جتنی حفاظتی تدابیر اختیار کر سکتے تھے کر رہے ہیں، بدھ تک ٹرین چلانے کا فیصلہ نہ ہوا تو 24 کروڑ روپے لوگوں کو واپس کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان بدھ تک ہمیں اجازت دیتے ہیں تو ہم ٹرینیں چلا دیں گے، ہمارے پاس کوئی ریوینیو نہیں، معاشی حالات برے ہیں۔
وفاقی وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو کہا ہے کہ خود ماسک اور حفاظتی اقدامات کر کے آئیں، جن لوگوں نے ایڈوانس ٹکٹ خریدے ہیں انہیں اہمیت دیں گے۔