• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء اللّٰہ نے شیخ رشید کا بیان مسترد کر دیا

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید کا بیان مسترد کر دیا۔

ایک بیان میں نون لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ حکومتی مشینری استعمال کر کے شہباز شریف کو جیل میں ڈالنے کا جتن کر رہا ہے۔

صدر مسلم لیگ نون پنجاب کا کہنا ہے کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت کو کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کی کوئی فکر نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جیسے لوگ ہی نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ٹارزن سمجھ سکتے ہیں، شہباز شریف کی اصل طاقت پاکستان کے عوام ہیں، جسے اللّٰہ تعالیٰ کے سوا کسی کا خوف نہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید جیسے لوگوں کے مقدر میں رمضان کے مہینے میں بھی سچ بولنا نہیں،پوری کی پوری حکومت شہبازشریف کے خوف میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف عوام کو کرپٹ، جھوٹے، نالائق، نااہل اور آٹا چینی چوروں سے بچانے آئے ہیں، شہباز شریف کے لندن سے واپس آنے کے بعد سے حکومت کے ستارے گردش میں آگئے ہیں۔

صدر مسلم لیگ نون پنجاب نے کہا کہ سیاسی یتیموں کے ستارے گردش میں ہیں، اس لیے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ جتنا بھی جتن کرلے شہبازشریف آپ کی کرپشن اور نالائقی کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشید نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کی تائید کردی، رانا ثناء

انہوں نے مزید کہا کہ عید سے پہلے اور بعد میں عوام کا آٹا چینی چوری کرنے والے جیل جانے والے ہیں، سیاسی یتیموں کی جماعت پی ٹی آئی کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کے خوف نے نالائق، نااہل اور چور حکومت کے اوسطان خطا کر دیے ہیں، مشرف کی باقیات شہباز شریف کو جیل سے ڈرانے کی ناکام کوشش نہ کریں۔

واضح رہے کہ آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا رمضان کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے، جو سمجھتے ہیں وہ بچ گئے عید کے بعد نہیں بچیں گے۔

تازہ ترین