• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرینیں نہ چلیں تو لوگوں کے 24 کروڑ واپس کر دینگے: شیخ رشید

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کی ’جیو نیوز‘ سے گفتگو


وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ٹرینیں چلانے کا اعلان کل یا پرسوں بھی نہ ہوا تو پھر لوگوں سے ایڈوانس بکنگ میں لیے گئے 24 کروڑ روپے واپس کر دیں گے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے 30 ٹرینیں چلانے کو تیار ہے، بس حکومتی اجازت کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینیں چلیں گی یا نہیں اس کا فیصلہ آج دو بجے تک ہونے کا امکان ہے، اگر آج فیصلہ نہ ہوا تو کل یا پرسوں ہمیں لازمی فیصلہ کرنا پڑے گا۔

وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ تمام ایس او پیز پر کام کیا ہے، تمام چھوٹے اسٹیشن ختم کر دیئے، صرف 5 بڑے اسٹیشن رکھے گئے ہیں۔



بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عید پر پچاس فیصد بزنس چلتا ہے، ہمارے پاس 24 کروڑ روپے ایڈوانس بکنگ کے جمع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ماتحت نہیں، وزیرِ اعظم سے ملاقات کا انتظار ہے، ریلوے عمران خان کے بعد میرے ماتحت ہے، اگر بدھ تک اجازت نہ ملی تو ریلوے حکام 15 دن میں لوگوں کا پیسہ واپس کر دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان میں صرف ایک ٹرین جعفر ایکسپریس چلانی ہے کیا مسئلہ ہے، کراچی کا ٹریک کھلے گا تو ریلوے چلے گی، ریلوے صرف پنجاب کی نہیں پاکستان کی ہے، صرف پنجاب میں نہیں بلکہ پورے پاکستان میں ٹرین چلے گی، میں کسی صوبے کے تابع نہیں ہوں، خود فیصلہ کرسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللّٰہ پرسوں ٹرین چلائیں گے، اجازت نہ ملی تو عوام کا پیسہ واپس کردیں گے، میری استدعا ہے کہ ہمیں ٹرین کھولنے دیں، ہم خسارے میں ٹرین چلانے جا رہے ہیں، کیوں کہ یہ غریب کی سواری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: رمضان کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے، شیخ رشید

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ میں کل بھی فیصلہ کرسکتا ہوں کہ ٹرین منگل یا بدھ کو چل سکتی ہے، میں عمران خان کے فیصلے کا منتظر ہوں، ہمیں یقین دہانی تھی کی آج اجازت ملے گی اور کل سے ٹرینیں چلائیں گے، ریلوے تمام صوبوں کی زنجیر ہے، ریلوے حکام کو مکمل تیاری کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف پر آج بات نہیں کر رہا، میرے لحاظ سے شہباز شریف فارغ ہیں، مراد علی شاہ سے تعلقات برے نہیں فون پر بات کرسکتا ہوں، عید پر جن کی بکنگ ہوچکی ہے ان کو ترجیح دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو 5 سال پورے کرتے دیکھ رہا ہوں، 31 جولائی کے بعد لیفٹ رائٹ جھاڑو پھرے گا، ریلوے کا ماہانہ خسارہ سوا 5 ارب روپے ہے، تمام ملازمین کو تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن عید سے پہلے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے حوالے سے جب بھی بات کروں گا تو اسد عمر یا وزیرِ اعظم سے کروں گا مراد علی شاہ سے نہیں، مراد علی شاہ کے ماتحت نہیں ہوں ٹرینیں چلانے کے حوالے سے ان سے بات نہیں کروں گا، ہم کسی سے الجھنا نہیں چاہتے۔

تازہ ترین