پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت کورونا حکمت عملی پر ایک کاغذ بھی پیش نہ کر سکی۔
نارروال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ حکومت نہ سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے نہ پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے ساتھ مذاق کیا گیا، لاک ڈاؤن کی جتنی قسمیں پاکستان میں ایجاد ہوئیں کسی ملک میں نہیں ہوئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا سامنا نااہل اور نالائق حکومت سے ہے، اس حکومت نے انتظامی مشینری کو اپوزیشن کے خلاف جنگ کی مشین بنا دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسٹر کلین کہتا ہے کہ فارن فنڈنگ کی کارروائی چھپا کے رکھو اسے قوم کے سامنے پیش نہ کرو۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن پاکستان فارن فنڈگ کیس کا فوری فیصلہ دے، ورنہ اس کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔
احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی، اس کے پاس نہ پروگرام ہے اور نہ ہی ٹیم ہے، یہ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے انتقامی ایجینڈا لے کر چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کی حثیت سیاسی پریس کانفرس سے زیادہ نہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ چینی چوری کی تحقیقات پر اب تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ کرپشن کے مگر مچھ تو وزیر اعظم کی چھتری تلے بیٹھے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کابینہ کے سربراہ وزیر اعظم ہیں، اگر ان کو پتہ نہیں چلتا کہ کابینہ کیا فیصلے کر رہی ہے تو ملک کا اللّٰہ ہی حافظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کی تاخیر کی ذمہ دار یہ حکومت ہے، تاکہ مسلم لیگ (ن) کو اگلے الیکشن میں اس کا فائدہ نہ پہنچے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پاکستان میں نوجوانوں کے مستقبل کو ڈبو رہے ہیں، مسلم لیگ ن صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، صوبوں کی مضبوطی وفاق کی مضبوطی ہے۔