• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان، دو خواتین کا غیرت کے نام پر قتل، 2ملزم گرفتار

شمالی وزیرستان، دو خواتین کا غیرت کے نام پر قتل، 2ملزم گرفتار


پشاور( اے ایف پی) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دو خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے دو افراد کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا‘ویڈیو بنانے والے کی تلاش جاری ہے۔ پوليس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں خواتين کو چند دن قبل سامنے آنے والی ایک ويڈيو کے تناظر ميں ان کے قريبی رشتے داروں نے غيرت کے نام پر قتل کيا ہے۔ شمالی وزيرستان ميں تعينات پولیس کے سينئر تفتيشی افسر محمد نواز کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکيوں کا تعلق جنوبی وزيرستان سے ہے۔ علاقے ميں جاری دہشت گردوں کے خلاف آپريشن کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل ان کا خاندان شمالی وزيرستان کے علاقے گڑيوم منتقل ہوا تھا۔ پولیس افسر محمد نواز کے مطابق ویڈیو ميں گڑيوم سے تعلق رکھنے والے مقامی نوجوان کو تين لڑکيوں کے ہمراہ ديکھا گيا۔ پوليس کے مطابق 52 سيکنڈز دورانيے کی ويڈيو ميں نظر آنے والی ايک لڑکی کو ان کے خاندان والوں نے چھوڑ ديا ہے جب کہ باقی دو لڑکيوں کو 14 مئی کو ايک کمرے ميں بند کرکے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پوليس کے مطابق قتل ہونے والی ایک خاتون کی عمر 22 سال تھی جب کہ ان کی شادی گزشتہ برس ہی ہوئی تھی تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ قتل ہونے والی دوسری لڑکی کی عمر 20 سال تھی جس کی منگنی ہو چکی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی تیسری خاتون کی عمر 24 سال ہے جب کہ ان کی ايک بیٹی بھی ہے۔ مذکورہ خاتون حیات ہیں۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ شمالی اور جنوبی وزيرستان کے سنگم پر واقع گڑيوم کے علاقے ميں پیش آیا۔ پوليس نے بتایا کہ انہوں نے واردات کے مقام سے خون کے نشانات اور گوليوں کے خول برآمد کر لیے ہيں جب کہ دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان میں قتل ہونے والی ایک لڑکی کے والد جب کہ دوسری قتل ہونے والی لڑکی کے کزن شامل ہيں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزيد تفتيش کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس آدمی نے ويڈيو بنائی تھی وہ بھی گڑيوم گاؤں کا مکین ہے جب کہ دو بچوں کا باپ ہے۔ ویڈیو بنانے والے کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں جب سے ويڈيو وائرل ہوئی ہے مذکورہ شخص لاپتا ہے۔ اس کے گھر پر تالہ لگا ہوا ہے جب کہ اس کے بيوی اور بچے اپنے خاندان کے پاس رزمک چلے گئے ہيں۔ پوليس کے مطابق ویڈیو بنانے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔

تازہ ترین