کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت اپنی نوعیت کے پہلے آن لائن اسکلز مقابلوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا،انگلینڈ میں مقیم پروفیشنل کوچ وسابق پاکستانی انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی عدنان ذاکر نے کھلاڑیوں کے لیے آن لائن ہاکی چیلنج پروگرام کی نگرانی کی، تین مراحل پر مشتمل فری اسٹائل چیلنج پروگرام میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے اپنی مہارتوں پر مشتمل ویڈیو کلپس ارسال کی تھیں، متعدد غیرملکی ٹیموں کو ٹریننگ دینے والے عدنان ذاکرنے ویڈیو کلپس کی جانچ پڑ تال کے بعد کامیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا،کے ایچ اے کے سیکرٹری سید حیدر حسین کے مطابق چیلنج ون کا مقابلہ عدیل علی نے جیتا، چیلنج ٹو کے فاتح بابر سعادت رہے۔
جبکہ چیلنج تھری کا مقابلہ عدنان لاڈو نےجیت لیا، گرلز کیٹگری میں دعا خان نے چیلنج ون مقابلہ جیت لیا، مومل سکینہ چیلنج ٹو کی فاتح ٹہریں، سحر افشاں نے چیلنج تھری میں فتح اپنے نام کی،اے او کلینک کےتعاون سے ہونے والے ان مقابلوں میں ہر درجہ کے فاتح کو 5،5 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ انٹرنیشنل ہاکی ٹریننگ گروپ ایوو ہاکی کیمپس کی جانب سے فاتحین کو بطور ستائش ٹی شرٹس اور ندیم معاذ جی کی طرف سے قیمتی تحائف بھی دیے جائیں گے، کھلاڑیوں میں اسناد کی تقسیم کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیت اورصلاحیتوں میں اضافہ کے لیے مشورے بھی دیے جائیں گے، مشتاق اعوان نےپروگرام کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ادا کی۔