پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ ’اگر پاکستانی انڈسٹری کو مستقبل میں تباہی سے بچانا ہے تو ہمیں مغربی طرزِ زندگی چھوڑ کر اپنی روایات اور ثقافت کو اپنانا ہوگا۔‘
وینا ملک نے تُرک سیریز’دیرلیش ارطغرل‘ کو پاکستان میں ملنے والی پذیرائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ارطغرل غازی کی تُرکی سے زیادہ پاکستان میں مقبولیت سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستانی عوام آج بھی اسلامی روایات کے مطابق سوچ رکھتے ہیں۔‘
وینا ملک نے کہا کہ ’اِس ڈرامے نے پاکستان میں ’میرا جسم میری مرضی‘ کے نعرے کو زمین میں ہی دفن کردیا ہے۔‘
اِس سے قبل پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نےاپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ ’پاکستانیوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ارطغرل جیسی مضبوط کہانی، عورت کو باپردہ اور مرد کو بہادر دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
یہی وجہ ہے کہ اسلامی تاریخ پر مبنی اِس تُرک سیریز کو پاکستان میں خوب پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور پاکستانی ارطغرل غازی کے اداکاروں کو بھی بےحد پسند کر رہے ہیں۔