• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبلی صاحب! شہباز شریف کے بجائے عوام کے صبر کے امتحان کی فکر کریں، مریم اورنگزیب

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شبلی صاحب شہباز شریف کے بجائے عوام کے صبر کے امتحان کی فکر کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب کی کرپشن، آٹا چینی چوری سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 18 ماہ میں معیشت کی بربادی نے کاروباری اور تاجر برادری کا صبر ختم کردیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ کورونا وبا میں حفاظتی لباس، امداد نہ پہنچنے سے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملےکا صبر بھی ختم ہوچکا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب اور ان کے ترجمانوں کاجھوٹ سُن سُن کر عوام کا صبر اب جواب دے چکا ہے۔

اُ نہوں نے کہا کہ روٹی، روزگار اور کاروبار کی بندش سے پاکستان کے عوام کے صبر کی حد گُزر چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ دو سال تمام کوششوں کے باوجود شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے  ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قائدِ حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو صبر کا مشورہ دیتے ہوئے کہاتھا کہ شہباز شریف صاحب اپنے سیاسی نصیب پر صبر کریں اور احتساب سے بچنے کے لیے انتخابات کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے۔

تازہ ترین